پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر گورنر سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

گورنر ہاؤس کراچی کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف سندھ بلکہ وفاق کے لیے بھی خطرناک ہے۔ سعید غنی/شرجیل میمن

پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر گورنر سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کراچی کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف سندھ بلکہ وفاق کے لیے بھی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر بعض وفاقی وزراء نے لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کی اور لسانی سیاست کو دوبارہ ہوا دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے وعدے کے مطابق اپنا یا ہمارا گورنر تعینات کریں۔ دوسری جانب، سینیئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس اور آئینی ادارے تعصب پر مبنی تقاریر کے لیے نہیں بنائے گئے۔ کراچی پہلے ہی ایسے ماحول کا سامنا کر چکا ہے اور مزید برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں تعصب کی انتہا دیکھنے میں آئی۔ سندھ ایک تھا، ہے اور رہے گا۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ نفرت انگیز گفتگو اور تعصب کی سیاست کرنے والوں کا انجام سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ایک رکن کا یہ کہنا کہ ہمیں اپنی ہی جماعت کے دوسرے رکن سے خطرہ ہے، اس سیاست کی عکاسی کرتا ہے۔