اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ساتھی ہوگا۔
پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی میں چین کے شہر ہانگزو میں پاک چین بزنس ٹو بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور اب آسمان کو چھو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوبصورت شہر ہانگزو صدر شی جن پنگ کے وژن کا نتیجہ ہے، صدر شی جن پنگ نے چین کو عالمی معاشی اور عسکری طاقت بنایا، پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ساتھی ہوگا، 30 فیصد ایم او یوز معاہدوں میں تبدیل ہو چکے ہیں، جن کی مالیت اربوں ڈالر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کو آئی ٹی ٹریننگ اور عالمی سرٹیفکیشن فراہم کی جا رہی ہے، چین کے ساتھ تعاون کے چار شعبے زراعت، آئی ٹی، اکنامک زونز، مائنز اینڈ منرلز اہم ہیں، ایم او یوز کو جلد معاہدوں میں تبدیل کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے بڑے ذخائر موجود ہیں، سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور سرمایہ کاری کریں، پاکستان کو قرض نہیں بلکہ مہارت اور سرمایہ کاری چاہیے، زراعت میں پیداوار بڑھانے کے لیے بیج، مشینری اور بہترین طریقے درکار ہیں، دیہی علاقوں میں لاکھوں چھوٹے کاروبار پیدا کریں گے اور ویلیو ایڈیشن کریں گے۔
وزیرِاعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ اکنامک زون میں ون ونڈو آپریشن اور ریڈ کارپٹ ٹریٹمنٹ دی جائے گی، جبکہ کراچی میں 6 ہزار ایکڑ پر ورلڈ کلاس اسپیشل اکنامک زون بنایا جا رہا ہے۔
0 تبصرے