بلوچ اور پشتون عوام میں اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے، ناز میروانی

بلوچ اور پشتون عوام میں اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے، ناز میروانی

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان ویمن ونگ کی رہنما ناز میروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی بلوچ اور پشتون اقوام کے درمیان بھائی چارے، باہمی احترام اور اتحاد میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے دونوں برادر اقوام کے درمیان دوریاں اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ناز میروانی نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام، ثقافتوں اور روایات کا گہوارہ ہے جہاں بلوچ اور پشتون صدیوں سے محبت، رواداری اور باہمی تعاون کے ساتھ زندگی بسر کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت، تعصب اور تقسیم کی سیاست نہ صرف صوبے کے مفاد کے خلاف ہے بلکہ اس سے سماجی ہم آہنگی بھی متاثر ہوتی ہے۔