تہران (ویب ڈیسک) پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ترجمان جنرل سردار محبی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران ایران کی فوجی اور آپریشنل صلاحیت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور مسلح افواج پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور تیار ہیں۔
ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل سردار محبی نے کہا کہ آج ہماری مسلح افواج ماضی کے مقابلے میں بہتر حالت میں ہیں اور دفاعی تیاریوں کے حوالے سے مزید طاقتور ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور جنگی حالات کے باعث ایرانی افواج کو مخالف فریق کی حکمتِ عملی، طاقت اور آپریشنل انداز کو مزید بہتر طریقے سے سمجھنے کا موقع ملا۔
ترجمان کے مطابق اس جنگ کا ایک اہم نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ہماری مسلح افواج کے مخالف کے بارے میں آپریشنل معلومات اور تجربے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
جنرل محبی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سامنے والا فریق دوبارہ فوجی محاذ پر آتا ہے تو ایران کا جواب ماضی سے مختلف ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مخالف دوبارہ میدانِ جنگ میں اترا تو کارروائی کی نوعیت، جنگ کا علاقہ اور استعمال ہونے والے ہتھیار بھی پہلے سے مختلف ہوں گے۔
جنرل محبی نے مزید کہا کہ پاسدارانِ انقلاب ہر ممکن صورتحال اور خطرے کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
0 تبصرے