بلاول کا فارم 45 سے متعلق بیان درحقیقت عوام کو آگاہ کرنا تھا کہ آپ کا مینڈیٹ چوری ہو رہا ہے: شازیہ مری

بلاول کا فارم 45 سے متعلق بیان درحقیقت عوام کو آگاہ کرنا تھا کہ آپ کا مینڈیٹ چوری ہو رہا ہے: شازیہ مری

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں وفاقی حکومت پر اثر و رسوخ اور سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام عائد کر دیا ہے۔ کراچی سے جاری بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں موجودگی اور سرکاری مشینری کا استعمال تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں مداخلت شفافیت اور منصفانہ انتخابات پر سوالیہ نشان ہے، جبکہ انتخابات کے لیے ”لیول پلیئنگ فیلڈ“ ناگزیر ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے فارم 45 اور فارم 47 سے متعلق بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عوام کو یاد دلایا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی 9 نشستیں چھین لی گئی تھیں، پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے عوام سے کہا تھا کہ آپ کا مینڈیٹ چوری ہو رہا ہے، اپنے ووٹ اور فارم 45 کی حفاظت کریں۔ شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ درست فارم 45 کی موجودگی میں کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ چوری کرنے کا موقع نہیں مل سکے گا، فارم 45 انتخابی نتائج کی بنیاد ہوتا ہے، جس کے بعد ہی فارم 47 جاری کیا جاتا ہے۔