جیکب آباد میں نوجوان لڑکی کے ساتھ ڈیڑھ سال تک بار بار اجتماعی زیادتی اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا انکشاف

جیکب آباد میں نوجوان لڑکی کے ساتھ ڈیڑھ سال تک بار بار اجتماعی زیادتی اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا انکشاف

جیکب آباد (رپورٹر) جیکب آباد میں نوجوان لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ لڑکی نے والدین سمیت ملزمان کی گرفتاری کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ چند روز قبل اس کا موبائل فون خراب ہوگیا تھا، جو اس نے موبائل دکاندار فراز کھوسو کو ٹھیک کرنے کے لیے دیا تھا۔ فراز کھوسو نے موبائل فون ٹھیک کرنے کے بعد اس کا نمبر لیا، جس کے بعد ان کے درمیان دوستی ہوگئی۔ متاثرہ لڑکی کے مطابق فراز کھوسو نے اسے ایک جگہ بلایا جہاں 10 افراد نے اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے جنسی زیادتی کے ساتھ ساتھ ویڈیوز بھی ریکارڈ کیں۔ اس نے مطالبہ کیا کہ اسے انصاف فراہم کیا جائے۔ لڑکی کا کہنا تھا کہ ملزمان ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے اسے ڈیڑھ سال تک زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ ایس ایس پی کیپٹن (ر) فیضان علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور متاثرہ لڑکی ، اس کے والد اور بھائی سے ملاقات بھی کی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور جو بھی ملزمان ہوں گے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایس پی کے مطابق خاتون کا کہنا ہے کہ اس کی ویڈیوز ریکارڈ کرکے اسے ڈیڑھ سال تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، تاہم ڈیڑھ سال ایک طویل عرصہ ہے، اس لیے ڈی این اے ٹیسٹ ممکن نہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور سی ڈی آر کی مدد سے ملزمان کو بے نقاب کیا جائے گا۔