لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب گردی کا واقعہ سفاکانہ اور ناقابلِ برداشت جرم ہے، جمال رئیسانی

لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب گردی کا واقعہ سفاکانہ اور ناقابلِ برداشت جرم ہے، جمال رئیسانی

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سفاکانہ، بزدلانہ اور ناقابلِ برداشت جرم قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں اور بہنوں کو نشانہ بنانا نہ صرف ایک سنگین مجرمانہ فعل ہے بلکہ یہ ہماری سماجی، اخلاقی اور انسانی اقدار پر بھی حملہ ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد، خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واقعے کے بعد بلوچستان پولیس کی فوری کارروائی اور ملزم تک رسائی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے باعثِ شرمندگی ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی ناگزیر ہے تاکہ انہیں نشانِ عبرت بنایا جا سکے۔ جمال رئیسانی نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔