بنکاک (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے مشہور حسن کے مقابلے “مس گرینڈ تھائی لینڈ” میں تقریر کے دوران ایک امیدوار کے نقلی دانت اسٹیج پر گر گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ایونٹ کے دوران پیش آنے والے اس اچانک واقعے نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، تاہم دلچسپ بات یہ تھی کہ امیدوار نے بڑی مہارت اور اعتماد کے ساتھ صورتحال کو سنبھال لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقابلے میں شامل امیدوار کمولوان چاناگو ابتدائی مرحلے میں اپنا تعارف پیش کر رہی تھیں کہ اسی دوران ان کے ڈینٹل وینیرز نکل گئے، جس سے چند لمحوں کے لیے اسٹیج پر خلل پیدا ہو گیا۔
اگرچہ یہ منظر ججز اور موجود ناظرین کے سامنے پیش آیا، مگر کمولوان چاناگو گھبرانے کے بجائے پرسکون رہیں۔ انہوں نے مختصر وقفے کے لیے مڑ کر اپنے ڈینٹل وینیرز درست کیے اور دوبارہ اعتماد کے ساتھ اپنی پرفارمنس جاری رکھی۔
امیدوار کے پراعتماد اور پیشہ ورانہ رویے نے حاضرین کے دل جیت لیے اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
اس کے بعد انہوں نے ایوننگ گاؤن میں پوز دیتے ہوئے کیمرے کے سامنے مسکراتے ہوئے اپنی پرفارمنس مکمل کی، گویا کچھ ہوا ہی نہ ہو۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جہاں صارفین نے ان کے حوصلے اور پروفیشنل انداز کو خوب سراہا۔
0 تبصرے