نوابشاہ میں فائرنگ کا دلخراش واقعہ:
بی سیکشن تھانے کی حدود میں کیریا موری کے قریب گھات لگائے بیٹھے نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے عدالت میں پیشی پر جانے والے دیہاتیوں پر اسلحے کے منہ کھول دیے۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاؤں شاہ علی بھنگوار کے رہائشی اور بھنگوار برادری سے تعلق رکھنے والے 6 افراد، جن میں فرمان علی ولد شاہ علی، رجب علی عرف تاج ولد شاہ علی، قربان علی ولد شاہ علی، اور ان کے سوتیلے بھائی شہباز علی ولد غلام مصطفی، حبدار علی ولد غلام مصطفی، اور رجب علی ولد غلام مصطفی شامل ہیں، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
مسلح افراد واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری اور ایمبولینس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھنگوار برادری کے افراد سمیت سیکڑوں لوگ اسپتال پہنچ گئے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
پندرہ سال قبل 2010 میں مخالف فریق کی جانب سے شاہ علی بھنگوار کو قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد مقتول کے بھائی اللہ دنو اور دیگر نے حملہ کر کے اسحاق بھنگوار، آدم بھنگوار، اور ایک اوڈھ ذات کے ہاری پپو اوڈھ سمیت تین افراد کو قتل کر دیا تھا۔
اس قتل کا بدلہ لیتے ہوئے اب چھ نوجوان قتل ہو چکے ہیں۔ مقامی معززین کی جانب سے صلح کرانے کی سنجیدہ کوششیں نہ ہونے کے باعث یہ بڑا سانحہ پیش آیا، جس سے دونوں فریقوں کے گھر اجڑ گئے۔ اب تک اس خونی تنازعے میں 10 افراد قتل ہو چکے ہیں۔
0 تبصرے