کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان میں کارو کاری کے الزام میں قتل کی گئی مقتولہ بانو کی والدہ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے، جس میں اس نے اپنی بیٹی کے قتل کو "بلوچی رسومات کے مطابق سزا" قرار دیتے ہوئے سردار شیر باز ساتکزئی کو بے قصور قرار دیا ہے۔
مقتولہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ اس کی بیٹی نے قبائلی اصولوں کی خلاف ورزی کی، اس لیے اسے سزا دی گئی، جبکہ سردار شیر باز کا فیصلے میں کوئی کردار نہیں تھا۔
اس نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سردار اور گرفتار دیگر افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
یاد رہے کہ 19 جولائی کو کوئٹہ کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں بانو اور احسان اللہ نامی جوڑے کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔
ویڈیو عام ہونے کے بعد صوبائی حکومت اور بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے نوٹس لیے جانے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 ملزمان کی نشاندہی کی اور 13 کو گرفتار کر لیا، جن میں مقتولہ کا دیور اور سردار شیر باز ساتکزئی بھی شامل ہیں۔
0 تبصرے