اب یا تو امن قائم ہوگا یا ایران کے لیے سانحہ ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ

اب یا تو امن قائم ہوگا یا ایران کے لیے سانحہ ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (ویب ڈیسک): ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح طور پر کہا ہے کہ اب یا تو امن قائم ہوگا یا پھر ایران کو ایک بڑے سانحے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واشنگٹن میں ایک اہم تقریر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان میں موجود ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا، اور یہ تنصیبات اب مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا: "یہ اہداف انتہائی مشکل تھے، لیکن ہم نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اگر ایران نے امن قائم نہ کیا تو ہم باقی بچے ہوئے اہداف کو بھی نشانہ بنائیں گے — اور اس بار زیادہ شدت کے ساتھ۔" انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کو اب امن کی طرف آنا ہوگا، ورنہ آنے والے حملے پہلے سے زیادہ شدید ہوں گے۔ "اب یا تو امن ہوگا، یا ایران ایک بڑے سانحے سے دوچار ہوگا،" صدر ٹرمپ نے دوٹوک انداز میں کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ: "دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد ریاست کی طرف سے ایٹمی خطرے کو روکنا ناگزیر ہو چکا تھا۔ آج میں پوری دنیا کو بتا سکتا ہوں کہ یہ فضائی حملے ایک شاندار فوجی کامیابی تھے۔" اپنی تقریر میں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ: "ہم نے ایک ٹیم کی طرح کام کیا اور اسرائیل کو درپیش خطرے کو ختم کیا۔ میں اسرائیلی افواج کی شاندار کارکردگی پر بھی ان کا مشکور ہوں۔"