سیان بروک نے ’ہاؤس آف ڈریگن‘ میں مختصر کردار سے ناظرین کو متاثر کر دیا

سیان بروک نے ’ہاؤس آف ڈریگن‘ میں مختصر کردار سے ناظرین کو متاثر کر دیا

برطانوی اداکارہ سیان بروک، جنہوں نے مشہور سیریز "ہاؤس آف ڈریگن" میں ملکہ ایما ایرن کا کردار ادا کیا، اپنی یادگار اداکاری سے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ سیان بروک صرف ایک قسط میں نظر آئیں، لیکن ان کے کردار کی شدت، جذبات اور تکلیف سے بھرپور مناظر نے ناظرین کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ بچے کی پیدائش کے منظر کی شوٹنگ کے دوران انہیں جسمانی اور ذہنی تکلیفوں سے گزرنا پڑا، شوٹنگ کے دوران ان کی آواز بھی بیٹھ گئی اور وہ کہتی ہیں کہ ان کے بچے دو دن تک انہیں صحیح سے سن نہیں پائے۔ سیان کا کہنا تھا کہ اس منظر کی شوٹنگ کے دوران ایک بڑی بالٹی میں خون بھرا گیا تھا جو بار بار ان پر بہایا جاتا رہا، اور یہ سب کچھ ایک ہارر فلم جیسا تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا، "ہماری بادشاہی کوکھیں ہوتی ہیں، بچے جننا ہمارے لیے جنگ کا میدان ہے، اور ہمیں اس کا بہادری سے سامنا کرنا ہوتا ہے۔" سیان بروک اب بی بی سی کی سیریز "بلو لائٹس" میں بھی ایک اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جہاں وہ پولیس آفیسر کے روپ میں نظر آ رہی ہیں۔ اپنی محنت، جذباتی انداز اور منفرد اداکاری سے سیان بروک ایک ایسی اداکارہ کے طور پر سامنے آئی ہیں جنہیں مستقبل میں بھی بڑی اسکرین پر دیکھنے کی امید ہے۔