شکارپور کے صحافی امیر بخش بروہی کی 22ویں برسی منائی گئی

تقریب میں قرآن خوانی کی گئی، شہید کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی گئی، پھول نچھاور کیے گئے اور مغفرت کے لیے دعا کی گئی

شکارپور کے صحافی امیر بخش بروہی کی 22ویں برسی منائی گئی

شکارپور (احسان ابڑو) شکارپور پریس کلب میں بہادر صحافی شہید امیر بخش بروہی کی 22ویں برسی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں قرآن خوانی کی گئی، شہید کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی گئی، پھول نچھاور کیے گئے اور مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ برسی کی تقریب میں ضلع کے مختلف علاقوں جیسے خانپور، لکی غلام شاہ، میاں صاحب سمیت شکارپور پریس کلب کے عہدیداران صدر عبدالسلام انڑ، جنرل سیکریٹری رحیم بخش جمالي، سینئر صحافی سلطان رند، سوڈھو جیمس، رحمت اللہ سومرو، زاہد سنجرانی، عبدالرزاق بروہی، وحید بروہی، ارشاد آرائیں اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں شہید امیر بخش بروہی کی زندگی اور صحافتی خدمات پر روشنی ڈالی گئی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید امیر بخش بروہی کا کردار آج بھی تاریخ میں زندہ ہے۔ انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی صحافت کی۔ وہ غریب اور مظلوم عوام کی آواز تھے، ان کی خدمات آج بھی یاد کی جاتی ہیں۔ جنہوں نے انہیں شہید کیا، وہ آج بھی دربدر ہیں۔ صحافیوں نے کہا کہ ہم سب پر فرض ہے کہ شہید امیر بخش بروہی سمیت شکارپور کے دیگر شہید اور مرحوم صحافیوں کے بچوں کی کفالت اور ان کے خاندان کی مالی معاونت کے لیے کوششیں کریں تاکہ وہ سکون سے زندگی گزار سکیں۔ تقریب میں سینئر صحافی سلطان رند نے اعلان کیا کہ جس جگہ پر شہید امیر بخش بروہی کو شہید کیا گیا، وہاں ایک یادگار تعمیر کی جائے گی۔ وحید بروہی نے ان کے بچوں کی مفت تعلیم کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا۔ تمام صحافی دوستوں نے شہید کے خاندان کی مالی مدد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔