گڈاپ سٹی اور گرد و نواح میں ایک ماہ سے بجلی بند، پانی کی قلت، شہری سراپا احتجاج

گڈاپ سٹی اور گرد و نواح میں ایک ماہ سے بجلی بند، پانی کی قلت، شہری سراپا احتجاج

ملیر (رپورٹ: عبدالرشید مورجھریو) ملیر کے علاقے گڈاپ سٹی اور اس کے گرد و نواح کے گوٹھوں میں تقریباً ایک ماہ سے بجلی کی فراہمی بند ہے، جس کے باعث علاقے کے رہائشی شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔ آغا شاہی فیڈر سے صرف غلام محمد گوٹھ کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ باقی تمام علاقے گزشتہ 29 دنوں سے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ مقامی رہائشیوں زاہد حسین بلوچ، عبدالرشید بلوچ، یحییٰ خان بلوچ، نصیر جوکيو، سلام دین خاصخیلی، رحیم جوکيو، حمید بلوچ، غلام فاروق اور اقبال واڍهلو کے مطابق صورتحال دن بہ دن بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ نہ صرف گھروں میں بلکہ مسجدوں میں بھی پانی کی فراہمی بند ہے، اور صاف پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں۔ بجلی کی بندش اور پانی کی قلت کے باعث علاقے میں مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں بچے اور بزرگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ صورتحال خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے، مگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر خاموش ہیں۔ گڈاپ سٹی اور گرد و نواح کے گوٹھوں کے لوگوں نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی اور پانی کی فراہمی بحال کی جائے، صفائی ستھرائی کے اقدامات کیے جائیں اور مچھر مار اسپرے کروایا جائے تاکہ علاقے کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔