نوشہروفیروز (نمائندہ خصوصی) ایس ٹی آر پالیسی نامنظور — تعلقہ بھریا کے اساتذہ نے نوشہروفیروز پریس کلب میں احتجاجی پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پ ٹ الف تعلقہ بھریا کے جنرل سیکریٹری ممتاز راجپر، ارشد عباسی، غلام مرتضیٰ میمن، عبدالغنی میتلو، بخشل دھونرو، عبدالحمید آرائیں اور دیگر اساتذہ نے کہا کہ سندھ حکومت اور افسران ملی بھگت سے کراچی میں اساتذہ کے مجوزہ دھرنے سے توجہ ہٹانے کے لیے ایس ٹی آر پالیسی کے تحت تبادلے اور تقرریاں کر رہی ہے، جنہیں ہم تسلیم نہیں کرتے کیونکہ یہ پالیسی سراسر غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹی ای اوز کے ساتھ مل کر اساتذہ کی فہرستیں تیار کر کے ڈی او کے حوالے کی تھیں، جن پر عمل کرنے کے بجائے ڈی ای او نے حکومت کے حکم پر تبادلے اور تقرریاں کیں۔ خاص طور پر خواتین اساتذہ کو ایسے اسکولوں میں مقرر کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی اساتذہ کی تعداد زیادہ ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ تعلقہ میں بند پڑے اسکولوں کو کھلوانے کے لیے نوجوان اساتذہ کو مقرر کیا جاتا، مگر یہاں عمر رسیدہ اساتذہ کو 50 کلومیٹر دور تعینات کر دیا گیا ہے۔
اساتذہ نے واضح کیا کہ وہ ایسی ایس ٹی آر پالیسی پر عمل نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ دشمن پالیسی کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور اساتذہ کے ذہنوں میں پیدا ہونے والی بے چینی کو دور کیا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔
0 تبصرے