"پریس کلبوں پر چڑھائی دراصل آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے، بلاول سمون
ٹھٹھہ (محمد شفیق بھٹی) نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس کی چڑھائی کے خلاف عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلاول سمون نے کہا: "پریس کلبوں پر چڑھائی دراصل آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے، جو جمہوریت اور عوامی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، ہم اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔"
جنرل سیکریٹری محمد عمر سرائی نے کہا: "ہم صحافیوں کی آواز دبانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے۔ اسلام آباد میں پولیس کی کارروائی آزادی اظہار پر پابندی کی بدترین کوشش ہے۔"
نائب صدر عبیداللہ جماری نے کہا: "ملک میں صحافیوں کو تحفظ دینے کے بجائے ان کے پلیٹ فارمز پر چڑھائی کی جا رہی ہے، جو ریاستی اداروں کی ناانصافی کا واضح ثبوت ہے۔"
اس موقع پر اے بی شورو نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا: "اگر حکومت صحافیوں کی آزادی کو یقینی نہ بنائے تو احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔"
دیگر مقررین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مظاہرے میں شریک صحافیوں نے شدید نعرے بازی کی۔ آخر میں رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر صحافیوں کے تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
0 تبصرے