ڈوکری (اطہر میمن) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح تعلقہ ڈوکری میں بھی اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ تعلقہ ڈوکری کے امیر حافظ محمد عثمان جھتیال کی قیادت میں مدرسہ جامع محمدیہ بائی پاس سے ڈوکری باڈھ روڈ تک ریلی نکالی گئی، جس میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد عثمان جھتیال نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے، جو مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر مسلسل بمباری کر رہا ہے، جس میں ہزاروں معصوم بزرگ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو عالمی مجرم اور دہشتگرد قرار دیا ہے، اس کے باوجود امریکہ اسے مکمل سرپرستی فراہم کر رہا ہے اور وہ غزہ میں بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں ایک دن قبل گلوبل صمود فلوٹیلا کے پرامن کارکنوں کو اسرائیلی فوج نے یرغمال بنا کر گرفتار کیا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے تمام گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کر کے بحفاظت وطن واپس لایا جائے، بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
ریلی میں مولانا سیف اللہ جھتیال، امان اللہ جھتیال، نعمت اللہ ہلیو، قاضی زبیر، امجد منگی، ظہیر تھیہم، جاوید کوکر، اسامہ کوکر سمیت جے یو آئی کے سینکڑوں کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
0 تبصرے