ٹھٹھہ: یونین کونسل جنگشاہی کو یونین کونسل کوہستان سے ملانے والا واحد راستہ بارشوں کے باعث تباہ حال

ٹھٹھہ: یونین کونسل جنگشاہی کو یونین کونسل کوہستان سے ملانے والا واحد راستہ بارشوں کے باعث تباہ حال

ٹھٹھہ (شفیق بھٹی) یونین کونسل جنگشاہی کو یونین کونسل کوہستان سے ملانے والا واحد ریلوے کے نیچے سے گزرنے والا راستہ حالیہ بارشوں کے باعث شدید خراب حالت اختیار کر چکا ہے۔ اس وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے، جس کے باعث علاقے کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ درگاہ حضرت جنگشاہی پیر رحمت اللہ علیہ کا سالانہ عرس مبارک 13 ربیع الثانی کو منعقد ہونے والا ہے، اور یہی راستہ زائرین اور عقیدت مندوں کے گزرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ راستے کی بندش کے باعث نہ صرف عام لوگوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ عرس مبارک کے انتظامات اور زائرین کی سہولیات میں بھی بڑی رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ جنگشاہی کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے ریلوے انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مذکورہ راستے کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو سہولت میسر آ سکے اور کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔