انوش احمد نے کراچی میں اپنے والد مرحوم ندیم محمد احمد کے ایصالِ ثواب کے لیے دو سبمرسیبل واٹر پمپ نصب کروائے

انوش احمد نے کراچی میں اپنے والد مرحوم ندیم محمد احمد کے ایصالِ ثواب کے لیے دو سبمرسیبل واٹر پمپ نصب کروائے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انوش فانڈیشن نے پینے کے صاف پانی کی قلت دورکرنے کیلئے کراچی کے پسماندہ علاقوں میں دو سبمرسیبل پانی کے پمپ نصب کروائے۔ یہ پمپ معروف بزنس مین اور سماجی کارکن انوش احمد کے والد مرحوم ندیم محمد احمد کے ایصالِ ثواب کے لیے صدقہ جاریہ کے طور پر لگائے گئے ہیں۔ منصوبے پر کل لاگت تقریبا 650,000 روپے آئی ہے جس سے روزانہ تقریباً 200 زائد افرادمستفید ہوسکیں گے۔ اس اقدام سے ان گھروں کو ریلیف ملے گا جہاں پانی کی قلت روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔خدمتِ خلق کے اصول کے تحت دو مقامات میں سے ایک مقام کو مسیحی برادری کی معاونت کے لیے منتخب کیا گیا۔ انوش احمد کے مطابق اس اقدام کا مقصد مذہب، مسلک یا علاقے کی تفریق کے بغیر انسانی ضرورت کو پورا کرنا ہے جوکراچی کی مشترکہ حقیقتوں اور ہر گھرانے کی عزتِ نفس کا مظہر ہے۔ جس میں پہلا مقام سیکٹر الیون ایچ نارتھ کراچی(نزد سینٹ جوزف چرچ مسیحی برادری) ایسے علاقے میں لگایا گیا ہے جو گزشتہ 15 سال سے پانی کی سطح 250 فٹ سے نیچے جانے کی وجہ سے پانی کی شدید قلت کا شکار تھا۔ دیرپا اور قابلِ مرمت نظام کو یقینی بنانے کے لیے ٹیم نے 350 فٹ گہرا اور 8 انچ قطر کا بور کروایا اور مسلسل استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا سبمرسیبل پمپ نصب کیا۔ عام طورپر 5 انچ کے بور ایک یا دو سال میں ناکارہ ہو جاتے ہیں اور مرمت کے قابل نہیں رہتے جبکہ8 انچ کا بور آئندہ مرمت اور پرزہ جات کی تبدیلی کو ممکن بناتا ہے،جس سے ڈونر زکی سرمایہ کاری محفوظ رہتی ہے۔ بور اور پمپ کے ساتھ پانی کی فراہمی کا مکمل سسٹم بھی تیار کیا گیا ہے جس میں 1000 لیٹر پانی کی ٹینکی، دو نلکے اور معیاری پلمبنگ کا کام شامل ہے تاکہ لوگ منظم طریقے سے صاف پانی حاصل کر سکیں۔ ریورنڈ فادر واریئر ولسن گوری نے منصوبے کا افتتاح انوش فاﺅنڈیشن کی میزبانی میں منعقدہ سادہ تقریب میں کیا۔ تقریب میں انوش احمد اور ان کے مرحوم والد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مقامی برادری کے افراد نے امید ظاہر کی کہ پانی کی فراہمی سے صحت میں بہتری، وقت کی بچت اور مالی بوجھ میں کمی آئے گی۔جبکہ دوسرا مقام المدینہ کالونی سیکٹر 11 اورنگی ٹان (مسلم علاقہ) پمپ ایک ایسے علاقے میں نصب کیا گیا ہے جہاں میونسپلٹی کا پانی مہینے میں صرف ایک بار چار گھنٹے کے لیے آتا ہے، جو گھروں کے زیر زمین یا چھت والے ٹینک بھرنے کے لیے ناکافی ہوتا ہے۔ اکثر خاندانوں کو پانی خریدنا پڑتا ہے جس پر ماہانہ تقریبا 1500 روپے سے زائد رقم خرچ ہوتی ہے۔نئے سبمرسیبل پمپ کے ذریعے اب مکین روزانہ پانی حاصل کر سکیں گے، جس سے ان کے اخراجات کم ہوں گے، گھریلو معمولات میں استحکام آئے گا اور والدین و بچوں کا پانی کے انتظام میں لگنے والا قیمتی وقت بچے گا۔