ماہرین فلکیات کے مطابق سپر مون کے دوران چاند معمول سے زیادہ روشن اور قریب نظر آئے گا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں رواں سال کے پہلے سپر مون کا دلکش نظارہ دیکھا جا رہا ہے۔ یہ چاند سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق میں طلوع ہوا اور عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سپر مون کے دوران چاند معمول سے زیادہ روشن اور قریب نظر آئے گا، ہارویسٹ سپر مون (Harvest Supermoon) زمین کے انتہائی قریب ہے جس کے باعث وہ معمول سے زیادہ بڑا اور چمکدار نظر آ رہا ہے۔
چاند اپنے عروج پر 99.8 فیصد روشن ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آج کا سپر مون سیارہ زحل کے قریب دکھائی دے رہا ہے، جو چاند کے بائیں جانب دیکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، سپر مون کا یہ مرحلہ قدیم دور کے کسانوں کے لیے اہم سمجھا جاتا تھا کیونکہ وہ اس اضافی روشنی میں اپنی خزاں کی فصلیں کاٹتے تھے۔ اسی مناسبت سے اسے “ہارویسٹ مون” کہا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر صارفین نے سپر مون کی شاندار تصاویر شیئر کیں۔ ان میں سابق امریکی عہدے دار مونیکا کراؤلی اور معروف خلا باز کرس ہیڈفیلڈ بھی شامل تھے، جنہوں نے اسے “قدرت کا حسین جادو” قرار دیا۔
ماہرینِ نجوم کے مطابق، اس بار کا سپر مون برجِ حمل (Aries) میں تھا، جو جذبے، عمل اور نئے آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
رواں سال کا دوسرا سپر مون 5 نومبر 2025 کو اور تیسرا 5 دسمبر کو نظر آنے کی توقع ہے، جبکہ نومبر والا سپر مون سال کا سب سے روشن ہوگا۔
0 تبصرے