بینگلورو (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک میں مشہور ریئلٹی شو "بگ باس کنڑ سیزن 12" کو اچانک بند کر کے اس کا اسٹوڈیو سیل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کرناٹک حکومت کے اہلکاروں نے منگل کی رات بینگلورو شہر کے قریب واقع "جالی ووڈ اسٹوڈیوز اینڈ ایڈونچرز" کے احاطے کو بند کرتے ہوئے وہاں شوٹ ہونے والے ریئلٹی شو "بگ باس کنڑ" کے سیٹ کو سیل کر دیا۔
کرناٹک اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی اور بغیر اجازت کام جاری رکھنے پر اسٹوڈیو کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔
بورڈ نے واضح کیا کہ اسٹوڈیو انتظامیہ نے بار بار ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔
بگ باس کے تمام امیدواروں کو گھر خالی کرنے کا حکم دیا گیا اور انہیں سیکیورٹی کے ساتھ اسٹوڈیو سے باہر منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ "بگ باس کنڑ" سیزن 12 کی میزبانی مشہور کنڑ اداکار کچا سدیپ کر رہے تھے اور یہ نیا سیزن حال ہی میں شروع ہوا تھا۔
تاہم شو کا سیٹ، جو 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا تھا، اب مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، شو بند ہونے کے بعد 700 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں فنی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔
اس کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کرناٹک ریاست کے جنگلات کے وزیر نے کہا کہ خلاف ورزیوں کے بارے میں نوٹس جاری ہونے کے باوجود انتظامیہ نے سرگرمیاں جاری رکھیں، جبکہ "کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں" اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ "ویلیز اسٹوڈیوز اینڈ انٹرٹینمنٹ" کو مارچ 2024 میں نوٹس جاری کیا گیا تھا، اور اطلاعات کے مطابق ان کے پاس پانی اور ہوا کے قوانین (واٹر اینڈ ایئر ایکٹ) کے تحت ضروری اجازت نامے موجود نہیں تھے۔ افسران سے بات چیت کے بعد معلوم ہوا کہ انہوں نے اجازت حاصل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بار بار معائنے اور نوٹسز کے باوجود وہاں سرگرمیاں جاری رہیں، جو سپریم کورٹ اور نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ اگر انتظامیہ چاہے تو اس معاملے پر عدالت سے رجوع کر سکتی ہے۔
0 تبصرے