مہنگائی،حل اور صارفین کے حقوق پر نیشنل کنزیومر مومینٹ کے تحت کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ میں مہنگائی کا سبب کرپشن اور ناقص گورننس ہے مہنگائی کی وجہ سے غریب خاندان خودکشی کر رہے ہیں دین سے دوری اور جہالت نے خوشحالی کا راستہ روکا ہوا ہے یو سی چیئرمین اور کونسلر سے پرائس کنٹرول کا کام لیا جا سکتا ہے کنزیومر کونسل میں صارفین کی حقیقی انجمنوں کی نمائندگی نہیں ہے اسی طرح کنزیومر کورٹس اور کنزیومر کونسل کے افعال سے عوامی سطح پر کوئی اگاہی نہیں ہے اشیائے خورد و نوش پر سبسڈی دی جانی چاہیے اور اس کی ترسیل میں سہولتیں فراہم کرنی چاہیے پرائس کنٹرول کے لیے ہر ضلع میں ہیلپ لائن یا آن لائن پورٹل متعارف کرانا چاہیے۔یہ بات نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کے تحت بڑھتی ہوئی مہنگائی،حل اورصارفین کے حقوق پرمنعقدہ کانفرنس میں سیاسی سماجی رہنماﺅں ،وکلاءصحافیوں اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سینئررہنما جماعت اسلامی وسابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو ایڈوکیٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نظام وقیادت کی تبدیلی کے بغیر مہنگائی کے خاتمے سمیت ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔ سندھ میں مہنگائی کا سبب کرپشن اور ناقص گورننس ہے ۔جب تک ملک میں اہل قیادت کو اقتدار سے محروم رکھا جائے گا عوام خوشحال نہیں ہو سکتی خوشحالی کے لیے دین پر عمل کرنا ضروری ہے ۔نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کے صدر سید شہزاد مظہر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز پر ذمہ داریوں کا بوجھ ہے یو سی چیئرمین اور کونسلر سرکاری نرخ کو کنٹرول کرانے کی بہترین نگرانی کر سکتے ہیں ۔یوٹیلٹی اسٹور کے نیٹ ورک کو اندرون سندھ اور گاؤں کی سطح پر کیا جائے اور مقامی پیداوار کو سہارا دینے کے لیے درآمدی اشیاءکو کنٹرول کیا جائے۔ اسمال بزنس ایسوسی ایشن کے صدر محمود حامد نے کہا کہ چینی آٹا سبزیاں اور دودھ کی قیمتیں بے قابو ہیں صارفین کے اتحاد سے چھوٹے دکانداروں کو سرکاری نرخ کا پابند کیا جا سکتا ہے۔ ملک کی ایک بڑی آبادی غربت کی لیکر سے نیچے چلی گئی ہے۔ لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہیں۔ کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے صدر شکیل بیگ نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے لیے مہنگائی سے جنگی بنیادوں پر لڑناپڑے گا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ان کے معیار کے معاملے میں طاقتور مافیا کام کر رہی ہے کراچی گرانڈ الائنس کے صدر محمد اسلم خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران مقامی ہوں تو قیمتوں پر قابو کر سکتے ہیں حکومتی ادارے پرائس کنٹرول کو بھتہ کیلئے استعمال کر رہے ہیں حکومتی ادارے ناکام ہیں kw&SC اپنے صارفین سے بل وصول کر رہا ہے اس کے باوجود وہ پانی ٹینکرز سے خریدنے پر مجبور ہیں۔مہنگائی کے خاتمے اورصارفین کے حقوق کے لیے سزاوجزاکا نظام ضروری ہے۔ کانفرنس سے سول سوسائٹی کے دیگر نمائندوں انتخاب عالم سوری ، محمد طارق خان، سعید جدون، شمیم ناز، محمد عرفان رانا، سید صبغت اللہ، عادل ظفر، علی اصغر کیانی اور ارشد شیخ نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں NCMS کے صدر شہزاد مظہر نے چارٹر اف ڈیمانڈ پیش کیا جس کی تائید CRPC کے صدر شکیل بیگ نے کی جسے کانفرنس کے شرکاءنے متفقہ طور پر منظور کیا#
0 تبصرے