کراچی میں جدید ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد صرف 6 گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کردیا گیا۔
کراچی میں ای چالان سسٹم باضابطہ طور پر نافذ کردیا گیا، جس کے تحت صرف ابتدائی 6 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 662 ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں، جن کے چالانوں کی مجموعی مالیت سوا کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
پولیس کے مطابق سب سے زیادہ 1,535 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جبکہ ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر 507 اور اوور اسپیڈنگ پر 419 ڈرائیوروں کو چالان کیا گیا۔
مزید برآں، ریڈ لائٹ توڑنے پر 166، لین لائن کی خلاف ورزی پر 3، اسٹاپ لائن توڑنے پر 4، اور رانگ وے ڈرائیونگ پر 4 چالان درج کیے گئے۔
اسی طرح کالے شیشوں پر 7، غلط پارکنگ پر 5، موبائل فون کے استعمال پر 32، غلط سمت پر 3، اور نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے پر بھی متعدد چالان کیے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم کے ذریعے ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور حادثات میں کمی لانے کا مقصد حاصل کیا جا رہا ہے۔
0 تبصرے