نوجوانوں کے لیے جاب پورٹل کا افتتاح — اب روزگار میرٹ پر فراہم ہوگا..وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو اب ملازمتیں سفارش کے بجائے خالصتاً میرٹ پر دی جائیں گی۔

نوجوانوں کے لیے جاب پورٹل کا افتتاح — اب روزگار میرٹ پر فراہم ہوگا..وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے “سندھ جاب پورٹل” کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو اس منصوبے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ماضی میں بھرتیوں کے دوران بے ضابطگیاں اور مشکلات پیش آتی رہی ہیں، کبھی گنجائش سے زیادہ افراد بھرتی کیے گئے اور کبھی امیدوار آفر لیٹر لیے گھومتے رہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جعلسازی سے بچاؤ اور میرٹ پر نوکریاں دینے کے لیے پورا نظام **ڈیجیٹلائز** کر دیا گیا ہے۔ اب امیدواروں کے لیے ایک شفاف اور آسان نظام موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ہر محکمے کی الگ ٹیسٹ سسٹم تھا، مگر اب تمام سرکاری نوکریوں کے لیے **SIBA** کے تحت ایک ہی ٹیسٹ کافی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ اور انٹرویو پاس کرنے والے امیدواروں کا ڈیٹا پورٹل پر خودکار طور پر میرٹ کی بنیاد پر تیار ہوگا۔ ملازمت ملنے کے بعد امیدوار کی پولیس ویریفکیشن اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ بھی اسی پورٹل پر دستیاب ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گریڈ 1 سے 5 تک کی بھرتیوں کا عمل آئندہ 15 دنوں میں اسی پورٹل کے ذریعے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ “اب نوجوانوں کو صرف میرٹ پر نوکریاں ملیں گی، سفارشی کلچر کا خاتمہ ہمارا مقصد ہے۔” مراد علی شاہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ “ممکن ہے اس پورٹل میں کچھ خامیاں ہوں، مگر ہم اسے مزید بہتر بنانے پر مسلسل کام کریں گے۔”