صحافیوں پر حملے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہیں: مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صحافیوں پر حملے دراصل معاشرے کے اجتماعی ضمیر پر چوٹ کے مترادف ہیں۔

صحافیوں پر حملے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہیں: مراد علی شاہ

صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آزاد اور محفوظ صحافتی ماحول فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آزادیٔ اظہار اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے بھرپور عزم رکھتی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں صحافیوں کے تحفظ کا جامع قانون نافذ ہے اور سندھ کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے عملی، ٹھوس اور مستقل اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے استعمال کے باعث صحافیوں کی آن لائن حفاظت اور قانون سازی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزادیِ صحافت کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل اور کوئی جمہوریت مضبوط نہیں ہوسکتی، جبکہ صحافیوں پر حملوں میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ نفرت انگیزی، پروپیگنڈا اور آن لائن ہراسانی کے خلاف مربوط حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے، کیونکہ آزاد، محفوظ اور بااعتماد میڈیا کے بغیر جمہوری نظام کا تصور ادھورا ہے۔