بابا گورونانک کے 556ویں جنم دن کی تقریبات، نگر کیرتن کے ساتھ اختتامی مرحلے میں داخل

ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آخری روز، نگر کیرتن، دعائیہ تقریب اور شاندار مذہبی ہم آہنگی کا خوبصورت مظاہرہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

بابا گورونانک کے 556ویں جنم دن کی تقریبات، نگر کیرتن کے ساتھ اختتامی مرحلے میں داخل

سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات اپنے آخری روز میں داخل ہو گئی ہیں۔ گوردوارہ جنم استھان میں خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی اور صوبائی وزراء کے ساتھ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے خصوصی شرکت کی۔ دنیا بھر سے ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دعائیہ تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے گوردوارہ کیارہ صاحب تک نگر کیرتن نکالا جائے گا۔ اس موقع پر مذہبی ہم آہنگی کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے مسلمانوں کی جانب سے نگر کیرتن کے لیے 2 کلو میٹر طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا ہے، جو گوردوارہ جنم استھان سے گوردوارہ کیارہ صاحب تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ روایت ہر سال نبھائی جاتی ہے جہاں مسلمان برادری سکھ یاتریوں کو نیا کارپٹ بطور تحفہ پیش کرتی ہے۔ فول پروف سیکیورٹی اور صفائی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ نگر کیرتن کے روٹس پر جانے والے تمام راستوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ سیف سٹیز کیمروں کے ذریعے نگر کیرتن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ روٹس کی عمارتوں پر کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ سکھ یاتری آج شہر کے ساتوں گوردواروں کی یاترا مکمل کر کے شام تک دوبارہ گوردوارہ جنم استھان پہنچیں گے، جہاں رات 12 بجے "بھوگ" کی رسم اور اختتامی دعا کے ساتھ جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر ہو جائیں گی۔ تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔