جماعت اسلامی کا ای چالان کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ای چالان کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ ظاہر کر دیا۔

جماعت اسلامی کا ای چالان کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ ای چالان کی شکل میں غیر معمولی جرمانے شہریوں پر مسلط کیے جا رہے ہیں، صرف ایک ہفتے میں 30 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کرنا ریاستی نااہلی کا ثبوت ہے، جبکہ کراچی کی سڑکوں کی خستہ حالی، زیبرا کراسنگ، رفتار کے نشانات اور سائن بورڈز کی عدم موجودگی کے باوجود جرمانے نافذ کیے جا رہے ہیں۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ریاست اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی، اسی لیے جماعت اسلامی ای چالان کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے۔