چوہدری عثمان نیثار، چیئرمین پنجتن گروپ کی جانب سے کوالالمپور میں پرتکلف عشائیہ پاکستان و ملائیشیا کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار
کراچی/کوالالمپور (خصوصی نمائندہ)
چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے، جہاں کوالالمپور آمد پر معروف تاجر و سرمایہ کار چوہدری عثمان نیثار، چیئرمین پنجتن گروپ کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ دیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت اس وقت 1.5 ارب ڈالر سالانہ ہے، تاہم تجارت بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت، سازگار کاروباری ماحول، اور قدرتی وسائل غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی پرکشش ہیں۔ پاکستان میں سیاحت، انفراسٹرکچر، کان کنی، زرعی کاروبار اور حلال انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے مشترکہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے پالم آئل سمیت مختلف تجارتی شعبوں میں ملائیشیا کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اہم کردار ادا کر رہی ہے جو دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو ایک مستحکم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت کے وسیع مواقعے موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں معاشی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔
0 تبصرے