مشہور اداکارہ کے ساتھ سرِعام بدسلوکی، ویڈیو وائرل

مشہور اداکارہ کے ساتھ سرِعام بدسلوکی، ویڈیو وائرل

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ندھی اگروال ایک فلمی تقریب کے دوران خوفناک صورتحال کا شکار ہو گئیں، بے قابو ہجوم نے انہیں چاروں طرف سے گھیر لیا۔ یہ واقعہ ان کی آنے والی فلم ’’دی راجا صاحب‘‘ کے گیت ’’ساہنا ساہنا‘‘ کی لانچ تقریب کے دوران پیش آیا، جس کے بعد سکیورٹی اور انتظامی نااہلی پر سخت سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی ندھی اگروال تقریب ختم ہونے کے بعد باہر نکلتی ہیں تو مردوں کا ہجوم ان کے اردگرد جمع ہو جاتا ہے، شدید دباؤ اور بدنظمی کے باعث اداکارہ کو بڑی مشکل سے اپنی گاڑی تک پہنچایا گیا، جبکہ سکیورٹی عملہ صورتحال سنبھالنے میں ناکام رہا۔ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر غصے اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ فلمی تقریبات میں خواتین فنکاروں کی حفاظت کے لیے مناسب انتظامات کیوں نہیں کیے جاتے۔ واضح رہے کہ ندھی اگروال نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’’منا مائیکل‘‘ سے کیا، جس کے بعد انہوں نے تیلگو اور تمل سنیما کا رخ کیا۔ وہ بہت جلد ہارر کامیڈی فلم ’’دی راجا صاحب‘‘ میں نظر آئیں گی، جس میں پربھاس، سنجے دت اور مالاویکا موہنن بھی شامل ہیں، یہ فلم 9 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔