کراچی بار ایسوسی ایشن کا الیکشن اچانک ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان نہ ہو سکا

چیف الیکشن کمشنر کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث کراچی بار ایسوسی ایشن کے آج ہونے والے سالانہ انتخابات مؤخر کر دیے گئے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کا الیکشن اچانک ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان نہ ہو سکا

کراچی بار ایسوسی ایشن (کے بی اے) کے آج ہونے والے سالانہ انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے صدر کراچی بار ایسوسی ایشن عامر نواز وڑائچ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی ناسازیٔ طبع کے باعث کیا گیا ہے، جبکہ تاحال انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔ صدر کراچی بار کے مطابق انہیں انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی خرابیٔ صحت کے باعث پولنگ کا آغاز ممکن نہیں ہو سکا۔ اسی صورتحال کے پیش نظر کراچی بار ایسوسی ایشن نے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو متبادل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے خط بھی ارسال کیا ہے۔ اس سے قبل الیکشن میں التواء کے معاملے پر صدر کراچی بار نے وکلاء سے گفتگو کی، جس میں وکلاء نے بتایا کہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی بنیادی وجہ چیف الیکشن کمشنر کی طبیعت کی خرابی ہے۔ وکلا نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے بھی ملاقات کی گئی، تاہم چیف جسٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ایڈمن کمیٹی کا اختیار ہے اور وہ خود اس حوالے سے تقرری نہیں کر سکتے۔ وکلا کے مطابق تمام امیدواروں کے ساتھ آج شام 4 بجے جناح آڈیٹوریم میں اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں انتخابات کی آئندہ تاریخ اور لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔