اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والا دھماکا بھارت اور طالبان کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانے والے دین اور وطن دونوں کے دشمن ہیں، جبکہ خودکش بمبار کی افغانستان میں آمد و رفت کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ کے واضح آثار مل رہے ہیں۔ سیکیورٹی گارڈز نے خودکش بمبار کو روکنے کی کوشش کی، جس پر دہشت گرد نے فائرنگ شروع کر دی۔
وزیرِ دفاع کے مطابق خودکش بمبار نے نمازیوں کی آخری صف میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ اس ظلم کا جواب ریاست پوری طاقت سے دے گی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارت اپنی شرمناک شکست کے بعد اب پراکسیز کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے، کیونکہ اس میں اب براہِ راست محاذ آرائی کی جرات نہیں رہی۔
0 تبصرے