برادری کے تنازعات میں لوگ مر رہے ہیں، سردار اور بھوتار خاموش ہیں: صنعان قریشی

جسقم کے چیئرمین صنعان خان قریشی کی قیادت میں جسقم کارکنان اور شکارپور کی سول سوسائٹی کی طرف سے امن مارچ نکالا گیا

برادری کے تنازعات میں لوگ مر رہے ہیں، سردار اور بھوتار خاموش ہیں: صنعان قریشی

شکارپور (احسان ابڑو) سندھ میں قبائلی تنازعات کے خاتمے، بدامنی، مذہبی اور لسانی تعصب کے خلاف رستم موڑ سے جسقم کے چیئرمین صنعان خان قریشی کی قیادت میں جسقم کارکنان اور شکارپور کی سول سوسائٹی کی طرف سے امن مارچ نکالا گیا، جو شہر کی مختلف سڑکوں سے ہوتا ہوا پریس کلب تک پہنچا۔ امن مارچ کے قافلے پر شہریوں نے مختلف مقامات پر پھولوں کی بارش بھی کی۔ اس موقع پر امن مارچ میں شہید بھٹو کے رہنما سعید سومرو، بیرسٹر ٹیم ضلع شکارپور کے صدر نعیم احمد سیٹھار، دیگر رہنما، جیئ سندھ محاذ کے رہنما کامریڈ اسد سومرو، عمران منگی، سیاسی، سماجی اور مذہبی وکلاء برادری اور دیگر تنظیموں کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ امن مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جسقم چیئرمین صنعان خان قریشی، سینئر وائس چیئرمین آکاش ملاح، وائس چیئرمین فقیر رمضان کلوڑ، جنرل سیکریٹری محمد رمضان خاصخیلی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عزیزالرحمان شیخ، عبدالسميع بلالی، اشرف کلھوڑ، نایاب سرکش سندھ اور دیگر نے کہا کہ سندھ میں جاری قبائلی تنازعات کو فوری ختم کروایا جائے کیونکہ ان تنازعات کے تحت چوریاں، ڈکیتی اور اغوا کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی تنازعات کی وجہ سے سندھ کے نوجوانوں کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے۔