شہید بے نظیر بھٹو عوامی خدمت، جمہوریت اور مساوات کی روشن مثال،، ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی

شہید بے نظیر بھٹو عوامی خدمت، جمہوریت اور مساوات کی روشن مثال،، ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو صرف ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ جمہوریت، عوامی خدمت، رواداری اور مساوات کی ایسی روشن علامت تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی پاکستان کے عوام کے حقوق کے لیے وقف کر دی۔ ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے انتہائی مشکل حالات میں جمہوریت کی بحالی کے لیے تاریخی جدوجہد کی اور عوام کو یہ پیغام دیا کہ اصولوں اور نظریات پر قائم رہ کر ہی قوموں کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے خواتین، اقلیتوں، مزدوروں اور معاشرے کے محروم طبقات کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا وژن آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور ہے اور ان کی تعلیمات عوامی خدمت کے جذبے کو تقویت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے شہید قائد کی سالگرہ کے موقع پر ان کی قومی، جمہوری اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے مشن کو آگے بڑھانے اور ایک پرامن، خوشحال اور مساوی پاکستان کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔