کولمبو (ویب ڈیسک) سری لنکا کرکٹ اور انوویٹو پروڈکشن گروپ (آئی پی جی) نے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کی فرنچائز جافنا کنگز کے ساتھ ہونے والا معاہدہ مالی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے باعث ختم کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرنچائز مالکان معاہدے کے تحت مالی شرائط پوری نہ کر سکے، جس کے بعد جافنا کنگز سے متعلق تمام حقوق دوبارہ آئی پی جی کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اب سری لنکا کرکٹ اور آئی پی جی مل کر ٹیم کے تمام انتظامات سنبھالیں گے۔
معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ ٹورنامنٹ کے دوران اس وقت سامنے آیا جب فرنچائز کا ایک مالک گرفتار ہو گیا، جبکہ دوسرا مالک لاپتا ہو گیا۔
اس حوالے سے آئی پی جی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انیل موہن کا کہنا ہے کہ لنکا پریمیئر لیگ کی ساکھ اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ ضروری تھا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کھلاڑیوں کے معاہدے، عملے کی ذمہ داریاں اور ٹیم کے تمام انتظامات بلا رکاوٹ جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جافنا کنگز اسی نام سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرتی رہے گی اور نہ ہی اسکواڈ، میچ شیڈول یا ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں کوئی تبدیلی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھانوکا راجا پاکسے کی قیادت میں جافنا کنگز اس سیزن میں اب تک 3 میں سے 2 میچ جیت چکی ہے، جبکہ لنکا پریمیئر لیگ 17 جولائی سے 8 اگست تک جاری رہے گی۔
0 تبصرے