پاکستان کے مؤثر جواب پر بھارت حواس باختہ، عرب ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں تیز

پاکستان کے مؤثر جواب پر بھارت حواس باختہ، عرب ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں تیز

پاکستان کی جانب سے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیے جانے کے بعد، بھارتی حکومت شدید دباؤ اور الجھن کا شکار ہو گئی ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے عرب ریاستوں، خاص طور پر متحدہ عرب امارات، سے رابطے بڑھا دیے ہیں تاکہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے عرب قیادت سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان پر اثرانداز ہو کر معاملات کو ٹھنڈا کرنے میں مدد فراہم کریں۔ اس صورتحال پر متحدہ عرب امارات کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔ اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی سے اجتناب کریں، کیونکہ ایسی صورتحال سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ شیخ عبداللہ کا کہنا تھا کہ بات چیت اور افہام و تفہیم ہی پائیدار امن کا راستہ ہے۔ دوسری جانب، پاکستان فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف بلااشتعال کارروائی کرتے ہوئے چھ مختلف مقامات پر 24 حملے کیے، جن میں جدید ہتھیار استعمال کیے گئے۔ ان حملوں میں 8 شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے، جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔ پاکستان نے ان حملوں کے بعد مؤثر جوابی کارروائی کی، جس میں نہ صرف پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے بلکہ دشمن کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا۔