بھارت کی بلااشتعال کارروائی کے بعد اسلام آباد کے تمام بڑے اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر صحت کے مطابق پمز، پولی کلینک اور دیگر سرکاری اسپتالوں میں موجود عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں، جب کہ شہر سے باہر موجود طبی عملے کو فوری طور پر واپس رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو اسپتالوں میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ، پنجاب کی ضلعی اور صوبائی سطح کی تمام مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے پاکستان کے مختلف علاقوں پر 24 حملے کیے، جن میں 6 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں 8 شہری شہید، 35 زخمی جبکہ دو افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ بھارتی کارروائیوں کو غیرانسانی اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے، پاکستان نے فوری اور مؤثر جوابی حملہ کیا، جس میں دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا گیا۔
0 تبصرے