پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں مساجد اور سول آبادی پر رات کے وقت بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 26 معصوم شہری شہید اور 46 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی حملے کے بعد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سول آبادی موجود تھی۔ احمد پور شرقیہ میں 13 افراد شہید ہوئے جبکہ مریدکے میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مساجد کو نشانہ بنایا، اور عبادت گاہوں پر حملہ کرنا اس تنگ نظر سوچ کو ظاہر کرتا ہے جو مودی حکومت کے تحت ہندوتوا کے زیر اثر بڑھ رہی ہے، جس میں اقلیتی خصوصاً مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ پاک فوج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں اور ایک کمبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔ یہ طیارے جنرل ایریا بھٹنڈا، اکھنور، اونتی پور اور مقبوضہ سری نگر میں مار گرائے گئے۔ بھارتی طیارے پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اور ان میں 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک سکوئی اور ایک کمبیٹ ڈرون شامل تھے۔
0 تبصرے