وزیراعظم شہباز شریف سے الفارو گروپ کے پاکستانی بزنس ٹائیکون بھائیوں کی اہم ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے الفارو گروپ کے پاکستانی بزنس ٹائیکون بھائیوں کی اہم ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے دورۂ ملائیشیا کے دوران الفارو گروپ کے سی ای او اور مینجنگ ڈائریکٹر، دو نوجوان پاکستانی بھائیوں بزنس ٹائیکون محمد فاروق خان اور محمد عرفان خان سے ون ٹو ون ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سے تجارت بڑھانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مالی امداد کرنے پر الفارو گروپ کے دونوں بھائیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سی ای او محمد فاروق خان نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں کوئی قدرتی آفت آتی ہے یا مدد کی ضرورت پیش آتی ہے، تو ہم ملائیشیا سے خود پاکستان آ کر اپنے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ پاکستان نے ہمیں شناخت دی ہے، ہمیں اس پر فخر ہے، اور پاکستان کی ترقی کے لیے ہمارا تعاون پہلے بھی جاری تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ان کے اس جذبے کو سراہتے ہوئے ان کی حب الوطنی اور خدمات کی تعریف کی۔