اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے کسی ملک یا فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بے دخل کرنے سے متعلق خبروں کو من گھڑت قرار دے دیا۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای میں کسی ملک یا فرقے کے خلاف کوئی مخصوص ڈی پورٹیشن مہم نہیں چل رہی، یو اے ای سے بے دخلی صرف میزبان ممالک کے قوانین کی خلاف ورزی پر کی جاتی ہے۔
وفاقی وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یو اے ای سے بے دخلی ویزا خلاف ورزیوں اور غیر قانونی دستاویزات کی بنیاد پر ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہری بدستور یو اے ای اور دیگر دوست ممالک میں ورک ویزا حاصل کر رہے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل متعلقہ ممالک کے ساتھ سفارتی ذرائع سے اٹھائے جاتے ہیں، جبکہ پاکستانیوں سے متعلق ہر معاملے کو کیس ٹو کیس بنیاد پر دیکھا جاتا ہے۔
0 تبصرے