بلاول قوم پرستوں سے متعلق بیان سے پیچھے ہٹ گئے، الفاظ کے انتخاب میں غلطی ہوئی: پیپلز پارٹی چیئرمین کا اعتراف

بلاول قوم پرستوں سے متعلق بیان سے پیچھے ہٹ گئے، الفاظ کے انتخاب میں غلطی ہوئی: پیپلز پارٹی چیئرمین کا اعتراف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پرستوں سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاید ان سے الفاظ کے انتخاب میں غلطی ہوگئی۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ان علیحدگی پسند قوم پرست گروہوں کی بات کر رہے تھے جو دہشت گردی اور تشدد میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ بلوچستان اور ملک میں جہاں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوتے ہیں، ماضی میں شدت پسند ٹی ٹی پی کی صورت میں حملے کرتے رہے ہیں، وہ اسی قسم کے دہشت گردوں کی بات کرنا چاہتے تھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران جو کارروائیاں ہوئی ہیں، اب ان تنظیموں میں آپس میں گٹھ جوڑ ہے، جن کے ٹھکانے ملک سے باہر افغانستان میں ہیں اور جن کے سہولت کار ہمسایہ ممالک ہیں، وہ انہی کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا تھا کہ سندھی قوم پرستوں، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے درمیان گٹھ جوڑ بن رہا ہے اور یہ حملوں کے وقت ایک دوسرے سے رابطے کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو کے بیان کے بعد سندھ میں سیاسی، سماجی اور قوم پرست حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔