تہران (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کبھی بھی سرنڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی صیہونی ریاست پر رحم کیا جائے گا، جبکہ امریکہ کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے۔
بدھ کے روز سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ہمارا ملک صدر ٹرمپ کی غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو ہرگز قبول نہیں کرے گا۔ دانشمند لوگ، جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے کبھی دھمکی آمیز لہجے میں بات نہیں کرتے۔
انہوں نے اسرائیل کے خلاف حملے تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے سنگین غلطی کی ہے، جس کی اسے سزا ضرور ملے گی۔ ایرانی عوام اپنے شہداء کے خون اور اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کو کبھی نہیں بھولے گی۔
0 تبصرے