ایران پر مسلط جنگ میں امریکا بھی کود پڑا، تین ایٹمی تنصیبات پر بڑے حملے، تہران نہ جھکا تو دوبارہ حملہ کریں گے: ٹرمپ

ایران پر مسلط جنگ میں امریکا بھی کود پڑا، تین ایٹمی تنصیبات پر بڑے حملے، تہران نہ جھکا تو دوبارہ حملہ کریں گے: ٹرمپ

تہران + واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکا نے اپنے جدید ترین B-2 بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی تین ایٹمی تنصیبات — فردو، نطنز اور اصفہان — کو نشانہ بنایا ہے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ حملے میں فردو کا ایٹمی پلانٹ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی طیاروں نے ایران کی تین ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا، جن میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر حملے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کی تین ایٹمی تنصیبات پر کامیاب حملہ مکمل کیا گیا ہے، اور امریکی فضائیہ نے ان اہم جوہری مراکز پر کامیاب کارروائی کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فردو میں واقع ایٹمی پلانٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فردو کے ایٹمی مرکز پر بموں کا مکمل پی لوڈ گرایا گیا، جس سے اس اہم جوہری سائٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی کو دنیا کے سب سے پیشہ ورانہ اور کامیاب فضائی حملوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ دنیا کی کسی اور فوج کے پاس ایسی آپریشنل صلاحیت موجود نہیں۔ اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک شاندار کامیابی ہے، جس کا کریڈٹ ہماری بہادر امریکی افواج کو جاتا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم امن کی طرف قدم بڑھائیں۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے جھکنے سے انکار کیا تو امریکا دوبارہ حملہ کرے گا۔