اگر امریکہ نے دوبارہ جارحیت کی تو ایسا سبق سکھائیں گے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: پاسدارانِ انقلاب

اگر امریکہ نے دوبارہ جارحیت کی تو ایسا سبق سکھائیں گے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: پاسدارانِ انقلاب

تہران (ویب ڈیسک) — ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی (IRGC) کے کمانڈر میجر جنرل محمد پاکپور نے امریکہ کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ کوئی جارحیت کی تو اس بار ایران کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور تباہ کن ہوگا۔ ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ”تسنیم“ کے مطابق، یہ انتباہ اس میزائل حملے کے بعد سامنے آیا ہے جو ایران نے سوموار کی شام قطر میں واقع امریکی فوجی اڈے ’العدید‘ پر کیا تھا۔ آپریشن کے بعد اپنے بیان میں جنرل پاکپور نے کہا: "یہ ایک اسٹریٹجک فوجی اڈہ ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں امریکی سینٹرل کمانڈ کا ’دھڑکنے والا دل‘ سمجھا جاتا ہے۔ اس حملے کا مقصد امریکہ کے مجرمانہ اور شیطانی حملوں کا جواب دینا تھا۔" انہوں نے کہا کہ اس امریکی اڈے پر جدید دفاعی نظام ہونے کے باوجود ایرانی میزائل حملوں سے اسے نقصان پہنچا ہے۔ امریکی صدر پر طنز کرتے ہوئے جنرل پاکپور نے کہا: "وہ اسرائیلی حکومت کے تحفظ کی خاطر امریکی عوام کی سلامتی اور مفادات کو قربان کر رہا ہے۔" جنرل پاکپور نے مزید خبردار کیا: "اگر امریکہ نے ایران کے خلاف دوبارہ کوئی بھی کارروائی کی، تو ہم ایسا سبق سکھائیں گے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا… ایسا پچھتاوا جس کے بعد واشنگٹن ایران کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے بار بار سوچنے پر مجبور ہوگا۔"