کراچی میں زلزلے کیوں آ رہے ہیں؟ محکمہ موسمیات نے وضاحت جاری کر دی

کراچی میں زلزلے کیوں آ رہے ہیں؟ محکمہ موسمیات نے وضاحت جاری کر دی

کراچی: کراچی میں زلزلوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم جون سے اب تک 57 کم شدت کے زلزلے محسوس کیے جا چکے ہیں، جب کہ فی الحال کسی بڑے زلزلے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کا نیشنل سیزمک مانیٹرنگ سینٹر (این ایس ایم سی)، اسلام آباد، کراچی اور اس کے گرد و نواح میں محسوس کیے جانے والے حالیہ زلزلوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے۔ یکم جون 2025 سے محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے کراچی میں کم شدت کے 57 جھٹکے ریکارڈ کیے ہیں، زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 1.5 سے 3.8 کے درمیان رہی، جب کہ ان زلزلوں کی وجہ لانڈھی فالٹ لائن کا متحرک ہونا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ غیرمعمولی طور پر زیادہ تعداد (فریکوئنسی) علاقے کے فالٹ سسٹم کے اندر ٹیکٹونک دباؤ کے قدرتی اخراج کی عکاسی کرتی ہے۔ پی ایم ڈی حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ زلزلہ خیز علاقوں میں اس نوعیت کے جھٹکے معمول اور عام بات ہوتے ہیں، ان میں سے اکثر جھٹکے زمین کے اندر (70 کلومیٹر تک) گہرائی میں آتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے جاتے ہیں۔ یہ زلزلے خطے میں موجود مقامی فالٹ سسٹم سے جڑی قدرتی ٹیکٹونک سرگرمی کا نتیجہ ہیں، کراچی بھارتی اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹوں کے ملاپ کے قریب واقع ہے، جہاں چھوٹے پیمانے پر دباؤ جمع ہونے کے سبب کبھی کبھار اس قسم کے معمولی زلزلے آتے رہتے ہیں۔ یہ ٹیکٹونک طور پر متحرک علاقوں میں عام ارضیاتی علامت سمجھی جاتی ہے اور کسی ممکنہ بڑے زلزلے کی نشاندہی نہیں کرتی، مقامی حالات جیسے نرم مٹی، زمین کی بحالی اور بے ترتیب طریقے سے زیر زمین پانی نکالنے جیسے عوامل بھی سطح پر محسوس ہونے والی حرکت کو متاثر کرتے ہیں۔ اس وقت دستیاب مشاہدات، اعداد و شمار اور رجحانات کی بنیاد پر کسی بڑے زلزلے کے فوری خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی، البتہ دیگر زلزلہ خیز علاقوں کی طرح، کبھی کبھار ہلکے جھٹکے آتے رہتے ہیں۔ پی ایم ڈی کی ٹیم مسلسل زلزلوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کر رہی ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کا بروقت پتہ چلایا جا سکے۔ پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ عوام کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں، یہ جھٹکے غیر معمولی نہیں اور کسی خوف کی وجہ نہیں بننے چاہئیں، ہمارا مشورہ ہے کہ شہری صرف سرکاری ذرائع سے ہی باخبر رہیں اور غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں جو غیر ضروری خوف و ہراس کا باعث بن سکتے ہیں۔ پی ایم ڈی نے عوام، میڈیا اور مختلف اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلے کی پیشگوئی سے متعلق غیر مصدقہ اور غیر سائنسی ذرائع کی باتوں کو نظر انداز کریں۔