فیصل آباد کے تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقے چک نمبر 651/2 گ ب میں گھریلو تنازع پر بیٹے کی فائرنگ سے ماں جاں بحق جبکہ والد اور بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ سی پی او فیصل آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی جڑانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، فیصل نامی نوجوان نے معمولی گھریلو جھگڑے پر مشتعل ہو کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اس کی والدہ ساجدہ بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئیں، جبکہ والد اور بھائی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس پی جڑانوالہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے ملزم فیصل کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق خاتون کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھجوا دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔سی پی او فیصل آباد نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
0 تبصرے