بلوچستان حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ممالک پاکستان سے تعاون کریں: سلامتی کونسل

بلوچستان حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ممالک پاکستان سے تعاون کریں: سلامتی کونسل

نیویارک (ویب ڈیسک) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان میں ہونے والے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر جیمز کاریوکی نے کونسل کی جانب سے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے 31 جنوری کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مختلف مقامات پر ہونے والے دہشت گردانہ اور بزدلانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے اس امر پر زور دیا کہ ان قابلِ مذمت دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث عناصر، منصوبہ سازوں، مالی معاونت فراہم کرنے والوں اور سرپرستوں کو جوابدہ ٹھہرا کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بیان میں تمام ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اس معاملے میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں، پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔