ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دو آئل ٹینکرز ضبط کر لیے

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دو آئل ٹینکرز ضبط کر لیے

تہران (ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خلیج میں دو آئل ٹینکرز کو تحویل میں لے لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غیر ملکی عملے پر مشتمل ان دو آئل ٹینکرز کو ایندھن کی اسمگلنگ کے الزام میں ضبط کیا گیا ہے۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ضبط کیے گئے ٹینکرز کن ممالک کے جھنڈے تلے چل رہے تھے اور عملے کا تعلق کن ممالک سے ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں جہازوں سے 10 لاکھ لیٹر سے زائد اسمگل شدہ ایندھن برآمد کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر عملے کے 15 غیر ملکی ارکان کو عدالتی کارروائی کے لیے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے یہ ٹینکرز خلیج میں واقع ایرانی جزیرے فارسی کے قریب تحویل میں لیے۔ پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز گزشتہ کئی ماہ سے اسمگلنگ میں ملوث تھے اور نگرانی، انٹیلی جنس معلومات اور بحری کارروائی کے بعد انہیں روکا گیا۔