پولیس کے مطابق سولجر بازار میں صبح تقریباً 4 بجے عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہوا
کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سولجر بازار میں صبح تقریباً 4 بجے عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہوا، جس سے عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کردی جبکہ ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تین منزلہ تھی اور ہر منزل پر ایک کمرہ قائم تھا۔ تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 16 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں 4 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں، جبکہ 12 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ Syed Murad Ali Shah نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو دھماکے کی مکمل تحقیقات کرکے جلد جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر واجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گیس دھماکہ عمارت کی پہلی منزل پر ہوا اور امکان ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کے باعث ہوا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ چھوٹی عمارت ہونے کے باعث خصوصی آلات کی مدد سے لوہا کاٹ کر ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ گیس لیکیج کے سبب ہوا ہے۔ ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں اور خدشہ ہے کہ ملبے کے نیچے مزید ایک لاش موجود ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور کیمیکل تجزیے کے بعد ہی دھماکے کی اصل نوعیت کا تعین کیا جا سکے گا۔ متعلقہ محکمہ یہ بھی واضح کرے گا کہ عمارت قانونی تھی یا غیر قانونی، جس کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
0 تبصرے