افغانستان کی جارحیت کا جواب عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت دیا: پاکستان

افغانستان کی جارحیت کا جواب عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت دیا: پاکستان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ 26 فروری کی رات افغانستان سے ہونے والے دہشت گرد حملوں اور طالبان حکومت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے مؤثر اور مناسب آپریشنز کیے ہیں۔ ترجمان دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کارروائیوں میں دہشت گرد تنظیموں اور ان کے لاجسٹک مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں بھاری نقصان پہنچا۔ ترجمان کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کے شہریوں اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے کیے گئے اور یہ کارروائیاں عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر طالبان حکومت یا کسی دہشت گرد گروہ کی جانب سے مزید اشتعال انگیزی کی گئی تو پاکستان بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور متعدد بار سیاسی اور سفارتی ذرائع سے مسئلے کے حل کی کوشش کر چکا ہے، تاہم طالبان حکومت اور بھارت کی مبینہ پشت پناہی کے باعث دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان حکومت پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ وہ دہشت گرد گروہوں کی حمایت بند کرے اور عملی اقدامات اٹھائے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔