پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان کشیدگی پر حماس کا بیان سامنے آ گیا

پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان کشیدگی پر حماس کا بیان سامنے آ گیا

بیت المقدس (ویب ڈیسک) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا پاکستان اور افغانستان کی طالبان حکومت کے درمیان جاری کشیدگی پر بیان سامنے آیا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور دونوں ممالک سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کی عوام کو جوڑنے والے عناصر کسی بھی عارضی اختلاف سے زیادہ اہم ہیں، لہٰذا فریقین کو چاہیے کہ وہ بات چیت کا راستہ اختیار کریں، قومی مفادات کو ترجیح دیں، اختلافات ختم کریں اور امن و استحکام کے قیام کے ساتھ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ حماس کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے وقت میں جب صیہونی ریاست غزہ میں اپنے اقدامات کے بعد عالمی تنہائی کے خاتمے کے لیے نئے اتحاد بنانے کی کوشش کر رہی ہے، امتِ مسلمہ کو اتحاد اور یکجہتی کی سخت ضرورت ہے، اس لیے موجودہ صورتحال میں اسلامی ممالک کو باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔